پی ٹی آئی کا سرپرائز ، محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا

ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ہوں گے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے صدارتی الیکشن کیلئے محمود خان اچکزئی کو امیدوار نامزد کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اپنے صدورتی امیدوار کا اعلان کردیا ہے، جن کی جانب سے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے، ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری صدارتی امیدوار ہوں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری کے تائید کنندہ ہوں گے، فاروق ایچ نائیک ان کے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے، شیڈول کے تحت 2 مارچ کو کاغذات نامزدگی 12 بجے سے پہلے جمع کرائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو ریٹرننگ آفیسر صبح 10 بجے کریں گے، کاغذات نامزدگی 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے، صدارت کے امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو 1 بجے آویزاں کی جائے گی اور 9 مارچ کو صدارتی الیکشن ہوگا، صدارتی الیکشن کیلئے پولنگ پارلیمنٹ ہاوٴس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔
معلوم ہوا ہے کہ آئین کے تحت صدارتی انتخاب کا ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر ہوتا ہے، 29 فروری کو تمام اسمبلیاں وجود میں آنے کے بعد صدر کے انتخاب کیلئے مطلوبہ الیکٹورل کالج کی تکمیل ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام خواہش مند امیدواران کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنرز سے حاصل کر سکتے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 91 ،130 کے تحت تمام اسمبلیوں کی پہلی نشست انتخابات کے بعد 21 روز میں منعقد ہونا ضروری ہے، آرٹیکل 41/4 کے تحت صدر پاکستان کا انتخاب عام انتخابات کے انعقاد کے بعد 30 روز کے اندر کروانا لازم ہے۔