9 مئی کیسز اسپیشل پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل ، عمران خان مرکزی ملزم قرار

گواہوں کے بیانات موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کے تمام رہنماوٴں کو فوجی تنصیبات جلانے کا کہا، اسپیشل پراسیکیوٹر رانا شکیل

لاہور(نیوز ڈیسک) 9 مئی کیسز اسپیشل پراسیکیوٹر نے دلائل مکمل کرلئے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان مرکزی ملزم قراردیدیا،انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی جلائو گھیرائو کے مختلف 7 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں اسپیشل پراسیکیوٹر رانا شکیل نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 9 مئی کے مقدمے کا مرکزی ملزم قرار دیا۔
دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر رانا شکیل نے پرائم منسٹر ہاوٴس جلانے کے کیس میں اپنے دلائل مکمل کئے جس میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مرکزی ملزم ہے۔ گواہوں کے بیانات موجود ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کے تمام رہنماوٴں کو فوجی تنصیبات جلانے کا کہا۔ اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت میں گواہوں کے بیانات پڑھ کر سنائے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا بانی پی ٹی آئی نے عوام کو اداروں کے خلاف حملہ کرنے کا کوئی ٹوئٹ کیا ، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جی ہاں بہت سے ٹوئٹس اور انسٹاگرام پر پیغامات ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے عوام کو سڑکوں پر نکلنے کا کہا۔خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے9 مئی کے جلاوٴ گھیراوٴ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت میں توسیع کی تھی۔انسدادِدہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی کے جلاوٴ گھیراوٴ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔
جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایاکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل اسلام آباد میں القادر ٹرسٹ کیس میں مصروف ہیں ،لہٰذادلائل کیلئے مزید وقت دیاجائے۔عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی تھی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔