پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں غائب

ٹورنٹو کیلئے پی آئی اے کی پرواز نمبر 782 پر تعینات فضائی میزبان جبران ہوٹل چھوڑ کر فرار ہو گیا،29فروری کو جانے والا فضائی میزبان ڈیوٹی پر واپس نہیں پہنچا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) قومی انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے)کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں غائب ہوگیا، کینیڈا کے دارالحکومت ٹورنٹو کیلئے پی آئی اے کی پرواز نمبر 782 پر تعینات فضائی میزبان جبران ہوٹل چھوڑ کر فرار ہو گیا، 29 فروری کو پی آئی اے پرواز پر تعینات فضائی میزبان واپسی کیلئے ڈیوٹی پر نہیں پہنچا، عملے کی جانب سے جبران کے کمرے کی تلاشی پر اس کے سلپ ہونے کا انکشاف ہوا۔
ایک ماہ کے اندر قومی انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے) کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں غائب ہو گیا۔ جبران نامی فلائٹ سٹیورڈ اس ماہ میں سلپ ہونے والا دوسرا فضائی میزبان ہے، کچھ روز قبل ایک خاتون ائیرہوسٹس بھی ہوٹل سے لاپتہ ہو چکی ہے، ٹورنٹو پرواز پر تعینات عملے کے پاسپورٹ حکام کے پاس جمع کرانے کا بھی فائدہ نہیں ہوا، پی آئی اے حکام کی جانب سے غائب میزبان کیخلاف محکمانہ کارروائی کا عندیہ دے دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چند روزپاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی خاتون میزبان کے کینیڈا میں مبینہ سِلپ (لاپتہ) ہونے کامعاملہ سامنے آیا تھا۔ کینیڈا میں مبینہ طور پر غائب ہونے والی پی آئی اے کی خاتون فضائی میزبان مریم رضا اسلام آباد سے ٹورنٹو کی پرواز پی کے 782 پر تعینات تھی اور اس کو ٹورنٹو سے کراچی واپسی پر پرواز پی کے 784 میں فرائض انجام دینا تھے۔فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے کا علم واپسی کی پرواز پر ڈیوٹی کیلیے رپورٹ نہ کرنے پر ہوا جب کہ مریم رضا کے کمرے کی تلاشی لینے پر اس کے کمرے میں ہینگ یونیفارم پر شکریہ پی آئی اے پر مبنی نوٹ لکھا پایا گیا۔واضح رہے کہ رواں سال پی آئی اے کی 2 خواتین سمیت مبینہ سلپ ہو نے والے میزبانوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔