پی آئی اے نے کینیڈا میں غائب ہونے والی فضائی میزبان کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں

جتنی بھی لوگوں کی پروفائلنگ کر لیں یہ رک نہیں سکتا‘کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی سے رابطے میں ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے.ترجمان پی آئی اے

کراچی(نیوز ڈیسک ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے) نے کینیڈا میں غائب ہونے والی فضائی میزبان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں‘ مریم رضا نامی فضائی میزبان اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے کی پرواز نمبر پی کے 782 پر تعینات تھیں تاہم واپسی کی فلائٹ پر ڈیوٹی پر رپورٹ نہ کرنے اور ان کی عدم موجودگی نے اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ کینیڈا میں ہی رہ گئی ہیں.
رپورٹ کے مطابق مریم رضا کے کمرے میں موجود ان کے یونیفارم پر’ ’شکریہ پی آئی اے“ کا نوٹ لکھا ہوا تھا مریم رضا کی پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 784 پر ڈیوٹی تھی پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بہت گھمبیر مسئلے ہیں، آپ جتنی بھی لوگوں کی پروفائلنگ کر لیں یہ رک نہیں سکتا‘انہوں نے کہا کہ کینیڈا سیاسی پناہ لینا بہت آسان ہے ان کے قوانین یہ کہتے ہیں کہ اگر آپ نے ان کی سرحد کراس کر لی ہے تو آپ پناہ لے سکتے ہیں اور نہ ان کے لیے یہ ایک بڑا ایشو ہے کیونکہ ان سے ابھی تک کینیڈین میڈیا نے رابطہ نہیں کیا ہے.
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر انکوائری شروع ہو چکی ہے جس کے بعد جلد ان خاتون کو نوکری سے بھی برخواست کر دیا جائے گا ‘ ترجمان نے بتایا کہ اس سارے معاملے پر کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی سے بھی وہ رابطے میں ہیں کہ کسی طریقے سے اس سب کو روکا جا سکے. انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے بہت سے طریقے اپنائے گئے لیکن کوئی بھی کارآمد ثابت نہیں ہوسکا پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق رواں سال میں یہ دوسرا واقع ہے جب پی آئی اے کی فلائٹ اٹینڈنٹ کینیڈا سے غائب ہو گئیں، جنوری میں سکپ ہونے والی خاتون کا نام سونیا تھا، جن کا تین سال کا بیٹا تھا، جسے وہ پاکستان چھوڑ کر کینیڈا میں ڈیوٹی کے دوران سکپ ہو گئیں.
واضح رہے کہ 2021 میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) انتظامیہ نے کیبن عملے کے بیرون ملک غائب ہونے کے واقعات کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت بیرون ملک جانے والی فلائٹس کے کیبن کریو کے ارکان اپنے اہل خانہ کی جانب سے تحریری ضمانت ادارے کے پاس جمع کروانے کے پابند ہوں گے.
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد کیبن کریو میں سے کوئی غائب ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری ان کے اہل خانہ پر ہو گی اور وہی جواب دہ ہوں گے‘یہ فیصلہ پی آئی اے کی کینیڈا جانے والی فلائٹ (پی کے 798) میں تعینات ایک ایئر ہوسٹس کے ٹورنٹو پہنچنے کے بعد غائب ہو جانے پر کیا گیا تھا مگر اس کے باوجود یہ واقعہ پیش آگیا جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں.