یکم مارچ سے پٹرول ساڑھے 4 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان

ڈیزل 2 روپے 50 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 92 پیسے فی لٹر اضافہ متوقع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھانے کی تیاری شروع کردی،بجلی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے، ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ یکم مارچ سے پٹرول ساڑھے 4 روپے مہنگا ہونے کا امکان ہے، ڈیزل 2 روپے 50 پیسے فی لٹر مہنگا ہوسکتا ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 92 پیسے فی لٹر اضافہ متوقع ہے، تاہم لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا امکان ہے۔
برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 82 ڈالر 52 سینٹ فی بیرل ہے، اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی سمری 29 فروری کو وزرات پٹرولیم کو بھجوائے گا، وزیر خزانہ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد قیمتوں کا اعلان کریں گی، جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں یکم سے 15 مارچ تک لاگو ہوں گی۔