عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہو سکتی، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط لکھوا‘آئندہ ہفتے دوبارہ احتجاج کی کال دیں گے‘چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں.بانی تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو
روالپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس نہ بلا کردرست کیا، ہماری پارٹی جیت گئی، مخصوص نشستیں نہیں دی جارہی ہیں. اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ظلم سے پارٹی ختم ہونے کے بجائے مضبوط جماعت بن گئی، شریف خاندان کی سیاست کا جنازہ نکل گیا، ہفتہ کو دوبارہ احتجاج کی کال دینے لگے ہیں انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہو سکتی، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط لکھوایا، انہوں نے فیٹیف کی قانون سازی کی مخالفت کی تھی، میں جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا.
عمران خان نے کہا کہ مشاورت کے بعد آج عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کو خط بھیج دیا جائے گا، خط میں لکھیں گے سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ 20نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ ضرور بنتا ہے. دریں اثناءتحریک انصاف کے راہنما اور وزارت عظمی کے نامزد امیدوار عمر ایوب نے جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ‘صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کردیے ہیں اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے عامر ڈوگر کو نامزد کیا ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کیلئے جنید خان نامزد ہوئے ہیں.
عمر ایوب نے کہا کہ بڑے عرصے بعد سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ لودھراں میں بھی ہمارے امیدوار کو ہرایا گیا عمر ایوب نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ ہے جسے چوری کیا گیا اور یہ مینڈیٹ عمران خان کو دیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فارم 45 ہیں اور ہم آخری دم تک لڑیں گے.