آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ ہماری تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے، آئی ایس پی آر

امن کے لیے پرعزم ریاست کے طور پر پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیتا رہے گا

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی پانچویں سالگرہ، پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے پیغام میں کہا ہے کہ 27 فروری 2019 ہماری تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے، اس دن پاکستان کے عوام کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا، پاکستان نے بھارت کے سیاسی تحفظات اور انتخابی خدشات کے باعث کی گئی بلاجواز جارحیت کا جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی معلومات کو بدلنے کی متعدد کوششوں کے باوجود اس دن کے واقعات نے پاکستان کی مسلح افواج کی مکمل آپریشنل صلاحیتوں کو ظاہر کیا۔پاکستان کی مسلح افواج کی استقامت اور قابلیت کا اعتراف دنیا بھر کے عسکری ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کیا اور مثر طریقے سے حقائق سے برعکس بھارتی دعوئوں کو رد کیا گیا۔
اسٹریٹجک دور اندیشی سے امن کی خاطر طیارے کے پائلٹ کی گرفتاری اور مخالف قوت پر غلبہ حاصل کیا گیا، جس کو آج بھی بین الاقوامی برادری کی طرف سے سیاسی پختگی اور اعلی ریاست سازی کی ایک بہترین علامت کے طور پر سراہا جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ امن کے لیے پرعزم ریاست کے طور پر پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیتا رہے گا، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے خلاف کسی بھی جارحیت کا پوری طاقت کے ساتھ ہر دفعہ بھرپور جواب دیا جائے گا۔