کراچی میں ایئر ٹیکسی سروس کا آغاز ہوگیا، ابتدائی طور پر یہ سروس سندھ اور بلوچستان کے ایئرپورٹس کیلئے دستیاب ہوگی
کراچی ( نیوز ڈیسک ) سیر و تفریح کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری،فی گھنٹہ کرایہ پر ہوائی جہاز بک کر کے اپنی پسند کی جگہ کا سفر کرسکتے ہیں،کراچی میں ایئر ٹیکسی سروس کا آغاز ہوگیا، ابتدائی طور پر یہ سروس سندھ اور بلوچستان کے ایئرپورٹس کیلئے دستیاب ہوگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر نجی فضائی کمپنی کے تحت کراچی سے اندورون سندھ اور بلوچستان کے تمام ایئرپورٹس کیلئے 4ائیرٹیکسیاں دستیاب ہونگی ۔
بعد میں یہ سروس پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تمام ایئرپورٹس کیلئے بھی دستیاب ہوگی۔جس میں شہری سیر و تفریح یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں منزل مقصود تک پہنچنے کیلئے ائیرٹیکسی بک کروا سکیںگے۔ایئر ٹیکسی پر سفر کیلئے تعارفی کرایہ 95 ہزار روپے فی گھنٹہ مختص کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس کراچی میں نجی کمپنی ’اسکائی ونگز‘ نے ملک کی پہلی ایئر ٹیکسی سروس متعارف کروانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
اس حوالے سے کمپنی کے سی ای او عمران اسلم کا کہنا تھا کہ صارفین موبائل ایپ کے ذریعے ٹیکسی بک کروا سکیں گے، ایئر ٹیکسی کا کرایہ اس سے بہت کم ہوگا جو چارٹرڈ طیاروں کے آپریٹرز وصول کرتے ہیں۔ چارٹرڈ سروسز کراچی سے سندھ اور بلوچستان کے دیگر شہروں کیلئے مسافروں کو لے جانے کیلئے کم از کم 25 لاکھ روپے وصول کرتی ہیں۔مجھے امید ہے کہ بہت سے لوگ اس کوشش میں ہمارے ساتھ شامل ہوں گے کیونکہ پاکستان میں بہت سے طیاروں کو ان کی صلاحیت کے مطابق استعمال نہیں کیا جارہا۔
سروس سے ملک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ابتدائی طور پر نشستوں کی مختلف تعداد کے حامل 8 طیارے استعمال کئے جائیں گے اور بعد میں مزید طیاروں کا اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی ایک ایئر ایمبولینس اور موہنجودڑوکیلئے فلائٹ چلائی جا رہی ہے اور پرواز کیلئے تربیتی پروگرام بھی چلا رہے ہیں۔