اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر گرین بیلٹ پر عام طور پر مظاہرین احتجاج ریکارڈ کراتے اور دھرنے دیتے ہیں
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے مقام پر کھدائی کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے آج ہفتہ کے روز احتجاج کی کال دی گئی ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف عوام سے باہر نکل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرنے کی درخواست کی ہے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے باہر اس گرین بیلٹ پر کھدائی شروع کردی گئی ہے جہاں عام طور پر مظاہرین اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں اور دھرنے دیتے ہیں۔
اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے پریس کلب کے سامنے پڑے خالی پلاٹ پر جہاں پی ٹی آئی نے احتجاج کرنا تھا کھدائی کر ڈالی۔ pic.twitter.com/hJn3jRkuNp
— Latif Shah (@Latifshahji) February 17, 2024
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، تمام جماعتوں کو عوامی معلوماتی پلیٹ فارمز سے دفعہ 144 کے نافذ العمل ہونے کی بابت آگاہ کیا جا چکا ہے، اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خواتین اور 18 سال سے کم عمر بچے ایف نائن پارک اور ایف سکس کی طرف صبح دس بجے سے ایک بجے دوپہر تک جانے سے گریز کریں۔
بتایا جارہا ہے کہ 8 فروری کوہونے والے انتخابات عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوٴں نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کو 17 فروری کے احتجاج کیلئے باقاعدہ درخواست دی، تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ سے نیشنل پریس کلب کے سامنے اجازت مانگی تاہم اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی اور نتائج کی تبدیلی کیخلاف ہونے والے احتجاج کی درخواست کو مسترد کر دیا۔