پشاور:(نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی وفد نے آفتاب شیر پاؤ سے ملاقات کی، دھاندلی کے خلاف احتجاج اور وفاق، پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے پر اتفاق کیا۔ پی ٹی آئی وفد نے اسد قیصر کی سربراہی میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیر پاؤ سے ملاقات کی،پی ٹی آئی وفد میں بیرسٹر سیف، شوکت یوسفزئی اور دیگر رہنما شامل تھے۔
قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ ،سیکرٹری جنرل احمد نواز جدون شال اور دیگر رہنماؤں نے پی ٹی آئی وفد کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں انتخابات سے متعلق امور پر دوطرفہ گفتگو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی وفد نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام آفتاب احمد خان شیر پاؤ کو پہنچایا ، وفد کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں عام انتخابات میں جس طرح دھاندلی ہوئی چاہتے ہیں آپ ساتھ دیں، آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے بھی خیبرپختونخوا میں انتخابات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہم اسد قیصر کی سربراہی میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر آئے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ دھاندلی پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں،دھاندلی زدہ الیکشن پر سیاسی جماعتوں کی شکایات سامنے آرہی ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ووٹر کے ووٹ کی امانت میں خیانت کی گئی، یہ پاکستان اور پارلیمان کے لئے اہم مسئلہ ہے، اس سے سیاستدانوں اور جماعتوں پر الزام لگتا ہے، ہم نے بانی پی ٹی آئی کے حکم پر وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکزی رہنما قومی وطن پارٹی سکندر شیر پاؤ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں، پی ٹی آئی نے ایک اچھی پیش رفت کی ہے، 8 فروری کے انتخابات پر ہمارے بھی اعتراض ہیں، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ شفاف انتخابات نہیں ہوئے، ملک ایک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھنا چاہیےاور تمام تر مسائل کا حل بھی نکالنا چاہیے۔