راناثناء اللہ کو بطور گورنر لانا حکومتی امور میں مریم نواز کو سپورٹ کرنا ہوگا
لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا نام گورنر پنجاب کے لیے زیر غور ہے۔راناثناء اللہ کو ضمنی الیکشن نہ لڑایا گیا تو گورنر کے منصب پر لایا جائے گا۔ لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتیں ٹف ٹائم دے سکتی ہے، بلیغ الرحمن نرم مزاج رکھنے کے باعث آئندہ سیٹ اپ کے لیے موزوں نہیں۔
راناثناء اللہ کو بطور گورنر لانا حکومتی امور میں مریم نواز کو سپورٹ کرنا ہوگا۔پاکستان کے 76 سالہ دور میں ایک نئی اور منفرد تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، بھرپور سیاسی جدوجہد اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والی مریم نواز تخت پنجاب کی بڑی ذمہ داری نبھائیں گی۔ مریم نواز نے تعلیمی اداروں میں اپنی تقاریرسے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا۔
مریم نواز کو 2017 کے لئے دنیا کی 100 بااثر خواتین میں شامل کیا گیا، پانامہ پیپرز کے فیصلے کے بعد مریم نواز نے جارحانہ سیاست اپنائی، مریم نواز سڑکوں پر نکلیں تو کرائوڈ پلر کہلائیں، سیاسی مخالفین کو جرات سے للکارا، مریم نواز والد کے ساتھ ڈٹ کھڑی ہوئیں اور سیاسی جانشین کہلائیں۔ مریم نواز نے جیل میں بی کلاس کی سہولتیں لینے سے انکار کیا اور عام قیدیوں کی طرح قید کاٹی، مریم نواز نے والدہ کلثوم نواز کی غیر موجودگی میں ان کا لاہور میں ضمنی الیکشن بھی جیتا، ملک بھر میں ریلیاں نکالتی رہیں اور جلسوں میں حکمران وقت کو للکارتی رہیں۔
مریم اپنے والد کو واپس لائیں اور 2024 کا انتخابی محاذ بھی دبنگ انداز میں سنبھالا، مسلم لیگ (ن) نے مریم نواز کو عام انتخابات 2013 کے دوران ضلع لاہور کی انتخابی مہم کا منتظم مقرر کیا۔ مریم نواز کو 22 نومبر 2013 کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا انچارج مقرر کیا گیا، مریم نواز نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور سکالر شپس دلائے، پارٹی کو یوتھ میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔پارٹی قیادت نے مریم نواز کو وزیراعلی پنجاب کے لئے نامزد کیا، یوں پاکستان اور پنجاب کی نئی سیاسی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے جس میں مریم نواز بطور وزیراعلی پنجاب حلف اٹھائیں گی۔