ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں، سیاحتی مقامات پر برفباری کے بعد سردی کی شدت میں دوبارہ اضافے کا امکان
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برفباری اور بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کی پیشن گوئی، ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں، سیاحتی مقامات پر برفباری کے بعد سردی کی شدت میں دوبارہ اضافے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں کمی ہوئی ہے، تاہم اب بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کے آغاز کے امکان کے باعث سردی کی شدت میں دوبارہ اضافے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے 17 سے 21 فروری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کا سلسلہ 17 فروری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا۔ 17 سے 21 فروری تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
17 سے 21 فروری کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے،17 سے 21 فروری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، کوٹلی، بھمبر، میرپور اور باغ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے،17 سے 21 فروری کے دوران دیر، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد، کوہستان، کرک، پشاور اور باجوڑ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
جبکہ 18 سے 19 فروری کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے نیا مراسلہ جاری کردیا۔ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جس میں برفباری اور بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کیلئی ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جبکہ پی ڈی ایم اے مراسلہ میں حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔ جاری ہدایات کے مطابق حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں ۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔
پی ڈی ایم اے مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے ۔ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 20 فروری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔