نوازشریف کی مانسہرہ سے مخالف امیدوار کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کی درخواست مسترد

این اے 15 انتخابی عذرداری پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) مانسہرہ میں انتخابی عذرداری سے متعلق نوازشریف کی درخواست مسترد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ ماسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 سے مسلم لیگ ن کے قائد کی انتخابی عذرداری سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے خارج کردی، نواز شریف کی جانب سے انتخابی عذرداری پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، ریٹرننگ افسر این اے 15 مانسہرہ نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروائی۔
اس موقع پر ریٹرننگ افسر کنے بتایا کہ ’حلقے کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق مرتب کیا گیا ہے‘، نواز شریف کے وکیل تاخیر سے کمیشن میں پیش ہوئے اور درخواست مسترد نہ کرنے کی استدعا کی تاہم الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا اور انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کر دی، الیکشن کمیشن کی نواز شریف کے وکیل کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔
بتاتے چلیں کہ این اے 15مانسہرہ میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزادہ گشتاسپ خان سے ہار گئے تاہم قائد ن لیگ نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ کا نتیجہ چیلنج کیا، اس حوالے سے سابق وزیراعظم نے این اے 15 مانسہرہ کے نتیجے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروائی، درخواست میں الیکشن کمیشن سے کہا گیا کہ 125 سے زائد پولنگ اسٹیشنز تک فارم 45 ابھی تک نہیں پہنچا لیکن اس کے باوجود نتائج کا اعلان کر دیا گیا اس لئے این اے 15 سے نتائج روکے جائیں۔
معلوم ہوا ہے کہ نوازشریف کی درخواست کی سماعت کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر الیکشن کمیشن پہنچے تو صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’الیکشن لڑے تھے یا لڑوایا گیا؟‘ اس کے جواب میں ن لیگی رہنماء نے کہا کہ ’الیکشن لڑا ہے، اس لیے تو الیکشن کمیشن آئے ہیں‘، اس دوران جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’مانسہرہ میں نواز شریف کو بلا کر ہروا کیوں دیا؟‘ اس سوال پر کیپٹن (ر) صفدر نے جواب دیا کہ ’ہم مانسہرہ والی سیٹ جیتے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن میں ثابت کرنے آئے ہیں‘۔