این اے 128، الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کا کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا

الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا تھا، سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر نوٹیفکیشن معطل کیا گیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 128میں انتخابی امیدوار عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 128 میں آئی پی پی امیدوار عون چوہدری کا کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر نوٹیفکیشن معطل کیا ہے۔ یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 سے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا تھا۔ آج بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دور ان اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے کل جمعرات تک جواب طلب کیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے این اے 128 سے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ نے حلقہ این اے 128 لاہور سے عون چوہدری کی کامیابی کے خلاف درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، درخواست میں ریٹرننگ افسر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا، سلمان اکرم راجہ کی دائر درخواست میں موقف میں کہا گیا کہ نامعلوم ڈنڈا بردار افراد نے ماڈل ٹاؤن پولنگ سٹیشن پر حملہ کیا اور ساتھی حامیوں پر تشدد کیا گیا، ریٹرننگ افسر نے نتائج مرتب کرنے میں شرکت سے روک دیا، ریٹرننگ افسر نے الیکشن ایکٹ کے برخلاف آرڈر پاس کیا، ریٹرننگ افسر کا نتائج جاری نہ کرنا الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، ریٹرننگ افسر کی جانب سے نتائج تبدیل کرنے کا خدشہ ہے، عدالت سے استدعا ہے ریٹرننگ افسر کو نتائج کے اعلان کا حکم دے اورعدالت آر او کو نتائج مرتب کرنے میں درخواست گزار کو شرکت کا حکم دے۔
دوران سماعت عون چوہدری کے وکیل سپریم کورٹ بار کے صدر شہزاد شوکت نے عدالت کو بتایا کہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے، فارم 48 کی موجودگی میں فارم 47 بے معنی ہو جاتا ہے، ایسے معاملات پر فیصلوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو ہے، ناکام امیدواروں کی درخواستوں کو سننے کے لیے الیکشن ٹربیونلز بن جائیں گے، متنازعہ ایشوز کو سننے اور حل کرنے کے لیے دیگر فورم موجود ہیں۔