اقتدار ان لوگوں کو دینا ہوگا جنہیں عوام نے اپنا لیڈر منتخب کیا، رؤف حسن

حکومتیں بنانے میں مجرموں کے گروہ کو شامل کیا جارہا ہے جنہیں عوام نے مسترد کر دیا، پاکستان کو مزید عدم استحکام کی طرف گامزن کیا جا رہا ہے۔ سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف کا بیان

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ اقتدار ان لوگوں کو دینا ہوگا جنہیں عوام نے اپنا لیڈر منتخب کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتیں بنانے کے لیے مجرموں کے ایک گروپ کو شامل کرنے کے فیصلے سے پاکستان کو مزید عدم استحکام کی طرف گامزن کیا جا رہا ہے کیوں کہ انہیں عوام نے مسترد کر دیا ہے، پاکستان کو گہری ہوتی دلدل سے نکالنے کا وژن اور صلاحیت صرف عمران خان میں ہے۔
رؤف حسن کا کہنا ہے کہ عمران خان ہی ہے جس پر لوگوں نے اپنے زبردست اعتماد اور بھروسے کا اظہار کیا ہے لیکن اس کا مینڈیٹ رات کے اندھیرے میں چرا لیا گیا ہے، یہ جمہوری اصولوں اور اصولوں کے عین منافی ہے، اقتدار ان لوگوں کے ہاتھ میں دینا ہوگا جنہیں عوام نے اپنا لیڈر منتخب کیا ہے۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف، سابق صدر آصف زرداری، چوہدری شجاعت حسین، علیم خان ، خالد مقبول صدیقی و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ الیکشن کا مرحلہ ختم ہوچکا،اب ہماری جنگ ملک کودرپیش چیلنجز کے خلاف ہوگی،یہاں بیٹھی تمام جماعتوں کے پاس دوتہائی اکثریت ہے، مفاہمتی عمل میں پی ٹی آئی کو بھی شامل کریں گے،آئندہ حکومت کی پہلی ترجیح معاشی ایجنڈا ہوگا۔
مشترکہ نیوزکانفرنس کے دوران صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کے مشکور ہیں کہ انہوں نے مدعو کیا، ان کی مہمان نوازی کی شاندار روایات ہیں، الیکشن کا مرحلہ ختم ہوچکا، پارلیمان بننے والی ہے، ہماری جنگ اب ملک کے چیلنجز کے خلاف ہے ، سب سے بڑا چیلنج پاکستان کی معیشت ہے، اس کو پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں ، جب لیڈرشپ اکٹھی ہوجائے، اور فیصلہ کرلے کہ اختلافات کو ختم کرکے ملک کو آگے لے کر جانا ہے، آئی ایم ایف معاہدے نے پاکستان کو معاشی استحکام دیا، اب مزید آگے بڑھنا ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ آپ میں مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے اور پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، ہر وہ مشکل چاہے معاشی ، دہشتگردی ہو، یا پھر مفاہمت بھی ہو، ہم کریں گے، مفاہمتی عمل میں پی ٹی آئی کو بھی شامل کریں گے، پھر ہم میاں شہبازشریف کے گھر جاکر ان کو کامیاب کرائیں، ہمیں پتا ہے کہ کتنا قرض ہوگیا ہے، اور کتنی قسط دینی ہے، ہم نے ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑا لیکن اب مل بیٹھیں گے۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہم باہمی تعاون سے جمہوریت کو مضبوط کریں گے، شہبازشریف کا پہلے بھی ساتھ دیا اب بھی ساتھ دیں گے۔