نواز شریف کے سیاست سے کنارہ کش ہونے میں کوئی سچائی نہیں، مریم نواز

قائد ن لیگ انتخابی تقاریر میں واضح کر چکے ہیں وہ کسی مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے‘ شہباز شریف اور میں نوازشریف کی سربراہی اور نگرانی میں کام کریں گے۔ چیف آرگنائزر ن لیگ کا پیغام

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے سیاست سے کنارہ کش ہونے میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ قبول نہ کرنے کا مطلب اگر یہ اخذ کیا جا رہا ہے کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کش ہو رہے ہیں تو اس میں کوئی سچائی نہیں، اگلے 5 سال وہ نا صرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق و پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی کریں گے۔
ن لیگ کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد امیدوار مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی تینوں حکومتوں میں عوام نے واضح اکثریت دی تھی، یہ بات وہ انتخابی تقاریر میں میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے، جو لوگ نواز شریف کے مزاج سے وقف ہیں انہیں نواز شریف کے اصولی موقف کا پتا ہے، شہباز شریف اور میں ان کے سپاہی ہیں، ان کے حکم کے پابند ہیں اور ان کی سربراہی اور نگرانی میں کام کریں گے، اللّہ ہمیں کامیابی عطا فرمائے۔


بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے شہباز شریف کو وزارت عظمٰی اور مریم نواز کو وزیر اعلٰی پنجاب کیلئے نامزد کیا ہے، اس ضمن میں ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی کے قائد نواز شریف نے پنجاب کی وزارت اعلٰی اور وزارت عظمٰی کیلئے ن لیگ کے امیدواروں کے ناموں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، نواز شریف نے وزارت عظمٰی کیلئے شہباز شریف جب کہ وزارت اعلٰی پنجاب کیلئے مریم نواز کے ناموں کی منظوری دی ہے، قائد ن لیگ کا پختہ یقین ہے کہ ان فیصلوں سے معاشی بحران اور مہنگائی سے نجات ملے گی۔