امیرالعظیم ،لیاقت بلوچ ،میاں اسلم ودیگرقائدین پریس کلب پراحتجاج کی قیادت کریں گے،کارکنان اور عوام شریک ہوں ادارو ں نے عوامی رائے کیخلاف نتائج دے کرانتخابی عمل پر عوام کے عدم اعتماد کے تاثرکومزید گہراکردیا ،امیرجماعت اسلامی پنجاب
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ انتخابات کے نام پرڈھونگ، بد ترین دھاندلی اور ریاستی مشینری کے یکطرفہ استعمال کے خلا ف جماعت اسلامی نے 16فروری کوعوامی احتجاج کااعلان کیا ہے جس کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم ،مرکزی نائب امراء لیاقت بلوچ ،میاں محمداسلم ودیگرقائدین کریں گے ،راولپنڈی اور اسلام آباد کے کارکنان اور عوام الناس امرائے اضلاع سیدعارف شیرازی اور نصراللہ رندھاوا کی قیادت میں جمعہ کو 4بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد پہنچیں۔
ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین فراڈ الیکشن ،جگہ جگہ ٹمپرڈ رزلٹ ،پولیس اورریاستی ادارو ں کواستعمال کرکے عوامی رائے کے خلاف نتائج دے کرانتخابی عمل پر عوام کے عدم اعتماد کے تاثر کو مزید گہراکردیاگیا ہے ۔انھوں نے کہاکہ اداروں نے ماضی کے تلخ تجربات سے کچھ نہیں سیکھا ،گملوں میں مصنوعی حکمران اگانے کے تجربات جاری ہیں جوملکی سلامتی کے اداروں کے وقارکے منافی ہے ۔