ہمارے پاس تمام فارم 45 موجود ہیں اور یہ سارے ممبر اسمبلی میں بیٹھیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء کا بیان
لاہور ( نیو ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہمارے منتخب ممبران میں سے جو پیسے لے گا اس کی نااہلی کیلئے عدالت جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیہا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تمام فارم 45 موجود ہیں اور یہ سارے ممبر اسمبلی میں بیٹھیں گے، ہمارے منتخب ممبران میں سے جو پیسے لے گا اس کی نااہلی کے لئے عدالت جائیں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن ختم ہو چکی ہے، پنجاب اب تحریک انصاف کا قلعہ ہے، صرف یہ ہی نہیں اگلا الیکشن بھی ہم دوتہائی اکثریت سے جیتیں گے۔
اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 لاہور سے منتخب پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر کی مسلم لیگ ن میں شمولیت پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس بارپارلیمان میں خرید و فروخت کا راستہ روکیں گے، چھوڑ کر جانے والوں کیخلاف عدالت میں جائیں گے، ہم نے خدشےکا اظہار کیا تھا کچھ لوگ وفاداریاں تبدیل کریں گے جن کی سپورٹ سےمنتخب ہوکرآئے یہ اچھی روایت نہیں کسی اور جماعت میں چلے جائیں، ہم نے ارکان سے کوئی حلف نامہ اور استعفیٰ نہیں مانگا، ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کس جماعت کو جوائن کرنا ہے، تاہم ایک دوروزمیں فیصلہ ہوجائے گا کس جماعت میں شمولیت اختیارکرنی ہے، جس جماعت کو بھی جوائن کریں گے تو مخصوص نشستیں ہماری ہی ہوں گی، فی الحال ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا رہے جسے بنیاد بنا کر یہ ہماری نشستیں لے لیں۔
انہوں نے کہا کہ جو نتائج فارم 45 میں تھے وہی فارم 47 میں شائع کیے جائیں، 70 نشستوں پر معاملہ متنازع ہے الیکشن کمیشن جلدازجلد نمٹائے، نوازشریف کی 50 سیٹوں پر وکٹری اسپیچ ڈیل کا نتیجہ ہے، نوازشریف نے کہا تھا ڈیل ہو گئی، 125 سیٹیں لے کر چوتھی بار وزیراعظم بنوں گا، ہم کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے جماعت اسلامی کو اپروچ کرنے کی خبریں غلط ہیں، ہم نے جماعت اسلامی سے کوئی رابطہ نہیں کیا، اگردوبارہ گنتی نہیں کی جاتی تواپوزیشن میں بیٹھیں گے۔