القادر ٹرسٹ کیس؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم 15 فروری تک مؤخر

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت سے معذرت کی جس پر عدالتی عملہ اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگیا

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم 15 فروری تک مؤخر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے آج القادت ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم اور سابقہ خاتون اول پر فرد جرم لگائی جانی تھی تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس کی آج سماعت سے معذرت کی، جس کی وجہ سے جج کی بجائے عدالتی عملہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی حاضری لگانے کے لیے اڈیالہ جیل گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر بانی چیئرمین تحریک انصاف کے وکلاء بھی اڈیالہ جیل پہنچے، تاہم القادر ٹرسٹ کیس میں بانی سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ پر فرد جرم 15 فروری تک مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت بھی 15 فروری تک ملتوی کر دی گئی، جس کے باعث بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر آج فرد جرم عائد نہ ہو سکی، ۔
عدالتی عملہ نے فریقین کو بتایا کہ ’اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر رخصت پر ہیں‘، جس کے بعداحتساب عدالت اسلام آباد کا سٹاف اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگیا۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی راولپنڈی اور اٹک میں درج 9 مئی واقعات کے 12 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرلی گئیں، انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران اے ٹی سی پراسیکوٹر نے عدالت سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، تاہم عدالت کی جانب سے ان کی یہ استدعا مسترد کردی گئی اور ریکارڈ کے مطابق ضمانت کی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔