فرنچائزکیلئے تینوں بھائیوں کا انتخاب محض ایک کرکٹنگ فیصلہ تھا، اسلام آباد یو نائیٹڈ کے کوچ نے شاہ برادرز کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی وجہ بتادی

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 2 بار کی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈکوچ مائیک ہیسن نویں ایڈیشن میں شاہ برادرز کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ فرنچائز کیلئے تینوں بھائیوں کا انتخاب محض ایک کرکٹنگ فیصلہ تھا ۔کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈکوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ فرنچائز کیلئے تینوں بھائیوں کا انتخاب محض ایک کرکٹنگ فیصلہ تھا، تینوں بالرز مختلف ہیں لیکن انکی ایک ٹیم میں موجودگی ہمیں فائدہ پہنچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں حنین شاہ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ انڈر-19 ورلڈکپ میں عبید شاہ نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے اور پاکستان کیلئے ٹاپ وکٹ ٹیکر ہیں۔مائیک نے ہیسن نے کہا کہ تینوں کرکٹرز کو ایک ساتھ بالنگ کرواتے ہوئے دیکھنا دلچسپ لمحہ ہوگا۔واضح رہے کہ نسیم شاہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اپنے بھائیوں کے ہمراہ فرنچائز میں شمولیت پر کہا تھا کہ دونوں بھائیوں نے ڈومیسٹک اور انڈر-19 ٹیم میں پرفارمنس دیکر جگہ بنائی ہے، یہ کہنا غلط ہوگا کہ میری وجہ سے اسکواڈ میں منتخب ہوئے۔