نسانکا ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے سری لنکن بلے باز

پالے کیلے(سپورٹس ڈیسک)سری لنکا کے اوپننگ بیٹر پاتھم نسانکا ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے سری لنکن بیٹر بن گئے۔

پاتھم نسانکا نے ون ڈے میں ڈبل سنچری سکور کر کے دنیا کے 12 ویں بیٹر ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ افغانستان کے خلاف پالے کیلے میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاتھم نسانکا نے 139 گیندوں پر 210 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

سری لنکا کے 26 سالہ اوپنر نے اپنے 50 ویں ایک روزہ میچ کے دوران 8 چھکے اور 20 چوکے لگائے اور ناٹ آؤٹ واپس ڈگ آؤٹ لوٹے۔

پاتھم نسانکا کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا نے افغانستان کے خلاف 3 وکٹ پر 381 رنز بنائے اور حریف ٹیم کے لیے 382 رنز کا ہدف سیٹ کیا جو افغانستان حاصل نہ کر سکا۔

نسانکا کی شاندار اننگز کی بدولت تین میچز کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 42 رنز سے شکست دی۔