عوام نے فیصلہ سنا دیا جسے تسلیم کیا جانا چاہیے،شاہد خاقان عباسی

عوامی فیصلے کو تبدیل کرنے سے حالات کشیدہ ہو سکتے ہیں، سیاسی قیادت اس قسم کی سیاست سے آگے بڑھیں،ٹوئیٹر(ایکس )پر ٹوئیٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماءاور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام نے فیصلہ سنا دیا جسے تسلیم کیا جانا چاہیے، عوامی فیصلے کو تبدیل کرنے سے حالات کشیدہ ہو سکتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر(ایکس)پر اپنے ٹوئیٹ میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت اس قسم کی سیاست سے آگے بڑھیں، ملک کو درپیش مسائل کا مل بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا۔
تاریخ نے خودغرض سیاستدانوں پر کبھی رحم نہیں کیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات 2024 کے نتائج سے متعلق مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے بلند آواز میں واضح طور پر بات کی ہے۔انتخابی عمل کی گرما گرمی ختم ہوچکی، اب ملک کو استحکام کی طرف جانے کی اجازت دینے کا وقت ہے۔
اب قائدین کو پارٹی کی سیاست سے آگے بڑھ کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ عام انتخابات میںپولنگ ختم ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس کے مطابق اس بار بڑے بڑے برج الٹ گئے، آزاد امیدواروں نے کئی حلقوں میں الیکشن جیت کر سیٹیں اپنے نام کر لی ہیں۔اب تک موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کی زیادہ تر نشستوں پرآزاد امیدواروں کو برتری حاصل ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بھی درجنوں سیٹوں پرآگے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے13 حلقوں کے نتائج جاری کردیئے جس کے مطابق5 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے 4، 4 سیٹیں جیتی ہیں۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو مراسلہ جاری کردیا جس میں صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو آدھے گھنٹے میں تمام نتائج جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے