راولپنڈی (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 56 محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں جب بھی تعمیر و ترقی کے کام ہوئے ن لیگ نے کروائے ، ہم نے ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا ، نواز شریف ہی اس ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتے ہیں ، آج نوجوان در بدر ہو رہے ہیں ، ہم اقتدار میں آکر نوجوانوں کو بہتر روزگار فراہم کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین عبدالغیور بٹ کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حنیف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے راولپنڈی کو میگا پراجیکٹس دیئے ، کارڈیالوجی، یورالوجی ہسپتال اور میٹرو بس سروس فراہم کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری عام ہے ، 8 فروری کو عوام شیر پر مہر لگا کر ن لیگ کو اقتدار دلائیں ، ن لیگ ایک بار پھر تعمیر و ترقی کے سفر کا آغاز وہیں سے کرے گی جہاں سے یہ سلسلہ رکا تھا ۔ کارنر میٹنگ سے حلقہ پی پی 17 کے امیدوار راجہ عبدالحنیف ، راحت مسعود قدوسی ، عبدالغیور بٹ ، جاوید انور مغل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔