جنرل الیکشنز 2024 کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کا ضلع بھر میں فلیگ مارچ

راولپنڈی پولیس، پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) جنرل الیکشنز 2024 کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کا ضلع بھر میں فلیگ مارچ نکالا گیا،راولپنڈی پولیس، پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا، فلیگ مارچ کی سپر ویژن سی پی اوراولپنڈی، ایس ایس پی آپریشنز،ڈویژنل ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے کی، سینئر افسران کی قیادت میں حلقہ این اے 51,52,53,54,55,56,57میں الگ الگ فلیگ مارچ کیے گئے ہیں ،فلیگ مارچ کا مقصد الیکشنز 2024 کے پر امن انعقاد کے عزم کا اظہار ہے، الیکشن 2024 کے لئے راولپنڈی پولیس کے 9500 سے زائد افسران سیکورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے،580 اے، 980 بی اور 1221 سی کیٹیگری کے پولنگ سٹیشنوں پر سیکورٹی تعینات ہو گی، شہر بھر کو سیکورٹی گشت کے حوالے سے 280 کلسٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،سی پی او سید خالد ہمدانی ۔