عدت کیس مجھے ذلیل کرنے کے لئے بنایا گیا

عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ،مر جاؤں گا کبھی ڈیل نہیں کروں گا،عمران خان کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نکاح غیر شرعی قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت نے سابق وزیراعظم اور سابقہ خاتون اول کے خلاف عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ سنادیا، اپنے فیصلے نے عدالت نے نکاح کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7،7 سال قید کی سزا سنادی اور 5 لاکھ روپے جرمانے کا بھی حکم دے دیا۔
بتایا جارہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ جمعہ کے روز 14 گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد سینئر جج قدرت اللہ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔جمعہ کے روز عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے گواہان پر جرح کی۔
عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدت کیس مجھے ذلیل کرنے کے لئے بنایا گیا،عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ،مر جاؤں گا کبھی ڈیل نہیں کروں گا، نہ ڈیل کی اور نہ ہی کروں گا۔

یہ چاہ رہے ہیں ڈیل ہو میں جیل کے اندر مر جاؤں گا ڈیل نہیں کروں گا،اس قسم کے کیس میں پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ مجھے ذلیل کرنے کے لئے سزا دی گئی ،عمران خان نے مزید کہا کہ سائفر میں سزا دی،توشہ خانہ میں سزا دی،9 مئی کے کیسز میں اب میرے خلاف کارروائی کرنا چاہ رہے ہیں،9 مئی کو تو میں جیل میں تھا ،مجھ پر 200 کیس بنائے گئے، آج تک کسی کے خلاف اتنے کیسز نہیں بنائے گئے،نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا ،جے آئی ٹی بنی ، لیکن سب کیسز ختم کردیے گئے،شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے کا مضبوط کیس تھا ختم کیا گیا، نہ ڈیل کی نہ کروں گا ، 400 ڈرون ہوئے ان میں سے کوئی بولا ہی نہیں۔