سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب کا راولپنڈی تعلیمی بورڈ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب خالد سلیم نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کا دورہ کیا ۔ انہوں نے بورڈ کی مختلف برانچز بالخصوص سہولت سینٹر میں طلباء وطالبات کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور جدید طرز پر آراستہ سہولت سینٹر کے انتظامات پر چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان کی کاوشوں کو سراہا۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن خالد سلیم کو بورڈ کے مختلف امور پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں ڈائریکٹر کالجز،سیکرٹری بورڈ،کنٹرولر امتحانات اور برانچ آفیسرز نے شرکت کی۔چیئرمین تعلیمی بورڈ نے ای سروسز،امتحان میٹرک انٹرمیڈیٹ (پہلا سالانہ)2024ء کے انتظامات سے متعلق بھی بریف کیا جس پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے اطمینان کا اظہار کیا اور افسران کو بورڈ کے انتظامات مزید بہتر اور جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلباء و طالبات کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کرنا بورڈ کی اولین ذمہ داری ہے۔ قبل ازیں چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان،سیکرٹری بورڈ پروفیسر آصف حسین،کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی اورڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈویژن پروفیسر شیر احمد ستی نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کا استقبال کیا۔