مذاکرات کیلئے میری طرف بہت سے لوگ بھیجے گئے، یہاں پہنچتی تو بھول جاتی تھی کہ خان صاحب کو کیا پیغام دینا ہے؟ مجھے لگ رہا ہے کہ یہ سب مجھے ذلیل کرنے کی پلاننگ ہے، بشریٰ بی بی کی گفتگو
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ مجھے ڈیل کے تحت بنی گالہ بھیجا گیا، ڈیل کینسل کرلیں تو جیل میں رکھ لیں، مذاکرات کیلئے میری طرف بہت سے لوگ بھیجے گئے، یہاں پہنچتی تو بھول جاتی تھی کہ خان صاحب کو کیا پیغام دینا ہے؟ مجھے لگ رہا ہے کہ یہ سب مجھے ذلیل کرنے کی پلاننگ ہے۔
اے آروائی نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی نے پہلی بار صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان خود گرفتاری کیلئے جیل آگیا ہو اور کیا ہوسکتا ہے؟میرے گھر کو سب جیل بنادیا گیا وہ کوئی ہوٹل تو نہیں، ہم بزدل نہیں سچے لوگ ہیں زندگی میں غلط کام نہیں کیا۔ ہمارا ایمان مضبوط ہے اور ایمان کی وجہ سے یہاں کھڑے ہیں، مجھے بتایاگیا کہ مجھے اسمبلی ریسٹ ہاؤس لے کر جا رہے ہیں۔
مذاکرات کیلئے میری طرف بہت سے لوگ بھیجے گئے، یہاں پہنچتی تھی تو بھول جاتی تھی کہ خان صاحب کو کیا پیغام دینا ہے؟ مجھے لگ رہا ہے کہ یہ سب مجھے ذلیل کرنے کی پلاننگ ہے۔ مجھ سے رابطے کیلئے حلف لئے گئے کہا زندگی موت کی بات ہے، مجھ سے ان ڈائریکٹ رابطے کئے گئے کمزور خاتون نہیں۔اپنی شرمندگی چھپانے کیلئے مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا، بانی پی ٹی آئی اور جماعت کو ڈی مورلائز کرنے کیلئے سب کچھ کیا گیا۔
مجھے ڈیل کے تحت بنی گالہ بھیجا گیا، ڈیل کینسل کرلیں اور جیل میں رکھ لیں۔قرآن پاک میں منافق اور شیطان سے اللہ نے نفرت فرمائی ہے۔ مزید برآں اے آروائی نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت خاور مانیکار، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل بھی دوران جرح خاور مانیکاسے لڑ پڑے، اس دوران وکیل عثمان گل نے خاور مانیکا کو مکا مارنے کی کوشش کی۔بانی پی ٹی آئی نے جج سے مکالمہ کیا کہ میں اور بشریٰ بی بی قرآن پر حلف لینے کو تیار ہیں۔جبکہ خاور مانیکا بھی حلف لے۔ بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کو نکاح کے دن دیکھا۔جس پر خاورمانیکا نے کہا کہ تم جھوٹ بول رہے ہو، خدا کے قہر سے ڈرو، تم نے میرا گھر برباد کردیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے خاور مانیکا سے قرآن پاک پر حلف لینے پر اصرار کیا۔
جج نے کہا کہ خاور مانیکا سے قرآن پر حلف لینے کے بعد آپ کا جرح کا حق ختم ہوجائے گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ خاورمانیکا پر جرح ضروری ہے۔جس کے بعدبشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے خاورمانیکا پر جرح کی۔ جرح مکمل ہونے پر بانی پی ٹی آئی نے خاورمانیکا سے پھر قرآن پر حلف لینے کا مطالبہ کیا ۔ بشریٰ بی بی نے کہا کہ میرے بیان کے بغیر عدالت فیصلہ نہیں کرسکتی۔ جس پر خاورمانیکا بھی جج کے سامنے پہنچ گئے اور بشریٰ بی بی کے ساتھ تلخ کلامی شروع کردی۔ خاورمانیکا نے بشریٰ بی بی سے کہا کہ بچے سوال کرکے تھک گئے مگر تم نے جواب نہیں دیا، چھوٹی بیٹی رات کو اٹھ اٹھ کر روتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ یہ سب 6 سال بعد یاد آیا ہے؟