انگلش پریمیئرلیگ : آرسنل، لوٹن ٹاؤن، کرسٹل پیلس اورنیو کیسل یونائیٹڈ نے اپنے میچز جیت لئے

لندن : (سپورٹس ویب ڈیسک ) انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل نے ناٹنگھم فاریسٹ ،لوٹن ٹاؤن نے برائٹن اینڈ ہوو البیون ،کرسٹل پیلس نے شیفیلڈ یونائیٹڈ اور نیو کیسل یونائیٹڈ نےآسٹن ولا کو ہرا کر اپنے اپنے میچز جیت لئے۔

انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔

سٹی گراؤنڈ، ناٹنگھم شائر میں کھیلے گئے میچ میں ناٹنگھم فاریسٹ اور آرسنل کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں آرسنل کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد ناٹنگھم فاریسٹ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، آرسنل کی ٹیم کی ای پی ایل میں یہ 14ویں فتح ہے۔

کریون کاٹیج، لندن کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں فلہم اور ایورٹن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں یہ میچ بغیر کسی گول کے ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔

کینیل ورتھ روڈ، لوٹن میں کھیلے گئے میچ میں لوٹن ٹاؤن اور برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں لوٹن ٹاؤن کی ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم کو باآسانی 0-4 گول سے ہرا دیا، یہ لوٹن ٹاؤن کی لیگ میں پانچویں فتح ہے۔

اسی طرح ایک اہم میچ کرسٹل پیلس اور شیفیلڈ یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان سیلہرسٹ پارک، لندن میں کھیلا گیا جس میں کرسٹل پیلس کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد شیفیلڈ یونائیٹڈ کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا، یہ انگلش پریمیئر لیگ میں کرسٹل پیلس کی چھٹی فتح ہے۔

ولا پارک، برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹن ولا اور نیو کیسل یونائیٹڈ کی ٹیمیں مد مقابل تھی جس میں نیو کیسل یونائیٹڈ کی ٹیم نے آسٹن ولا کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا، یہ نیو کیسل یونائیٹڈ کی ٹیم کی انگلش پریمیئر لیگ میں دسویں فتح ہے اور وہ ای پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر 32 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ یہ مجموعی طور پر ٹاپ فلائٹ انگلش فٹ بال کا 125واں ایڈیشن ہے جس کے شیڈول کا اعلان 15 جون 2023 کو کیا گیا تھا ، مانچسٹر سٹی کی ٹیم ای پی ایل میں اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہے، لیورپول کی ٹیم تاحال 48 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔