کراچی میں پاکستان کی پہلی میراتھن ریس کا آغاز

کراچی: (سپورٹس ڈیسک) ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ پاکستان میں پہلی میراتھن کراچی میں شروع ہوگئی۔ میراتھن ریس میں خواتین، مرد اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

میراتھن شروع ہونے سے قبل ایتھلیٹس سی ویو پر نشان پاکستان پہنچے، مردوخواتین اور بچوں سمیت شائقین کی بڑی تعداد نے بھی سی ویو کا رخ کیا جہاں لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ایونٹ میں 4 کیٹیگریز شامل ہونے کیلئے بچوں، بوڑھوں، جوانوں اور خواتین سمیت کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد نے رجسٹریشن کروائی۔

پاکستان پہلی مرتبہ ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ اور اُس کے قوانین کے تحت کراچی میراتھن میں فل میراتھن کا فاصلہ 42.2، ہاف میراتھن 21.1 کلومیٹر پر مشتمل ہوگی۔

اس کے علاوہ ریلے ریس اور 5 کلومیٹر کی فن ریس میں بھی شہری بھاگیں گے۔

نگران وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میراتھن کے مختلف ایونٹس میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے، اس موقع پر سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے جائیں گے، کامیاب شرکا میں انعامات، سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جائیں گے۔