بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں بابر اعظم غصے میں آگئے، ویڈیو وائرل

اسلام آباد: (سپورٹس ویب ڈیسک)بنگلہ دیش پریمئر لیگ (بی پی ایل) میں رنگپور رائیڈرز کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم غصے میں آ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

قومی ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم نے ڈورڈینٹو ڈھاکہ کے خلاف 46 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز کی شانداز اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا ٹوٹل 183 رنز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تاہم اننگز کے 13 ویں اوور میں بابر اعظم اسوقت غصے میں آگئے جب ڈھاکہ کے وکٹ کیپر عرفان سکھر کے ساتھ ان کی گرما گرم بحث ہوگئی ، امپائر اور ڈھاکہ کے کپتان مصدق حسین نے بابر اور عرفان کے جھگڑے کو ختم کروانے کی کوشش کی لیکن وہ وکٹ کیپر سے ناراض رہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں بابر اعظم کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’ میں آپ سے بات نہیں کر رہا، میں اپنے آپ سے بات کر رہا ہوں‘۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان کا مخالف کھلاڑی کو کہا گیا یہ جملہ اس وقت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹرینڈ کر رہا ہے، ایکس پر بابر کے مداح ان کی حمایت میں ٹویٹ کرتے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کی بنگلہ دیش پریمئر لیگ کے تیسرے میچ میں یہ دوسری نصف سنچری تھی۔