کراچی میں پاک بحریہ کی مشق سی سپارک 2024ء کی افتتاحی تقریب

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) پاک بحریہ کی مشق سی سپارک 2024ء کی افتتاحی تقریب کا کراچی میں انعقاد ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں موجود حاضرین کو مشق کے اغراض و مقاصد اور حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

سی سپارک کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملی کا تنقیدی جائزہ لینا ہے، مشق میں پاک بحریہ کے تمام کامبیٹ ایسٹس کے ساتھ ساتھ پی ایم ایس اے، سپیشل فورسز اور پاک میرینز بھی شامل ہوں گی، مشق سی سپارک 2024ء میں پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ پاک آرمی اور پاکستان ایئر فورس کے اہلکار اور اثاثے جوائنٹ آپریشنز میں حصہ لیں گے۔

مشق خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو مزید تقویت فراہم کرے گی، افتتاحی تقریب میں وفاقی وزارتوں بشمول دفاع، خارجہ، قانون اور نیشنل سکیورٹی ڈویژن کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کے افسران کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔