جاوید ہاشمی کا حلقہ این اے 149پر الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان

واضح ہوچکا یہ الیکشن کیسے ہیں اوران کا رزلٹ کیسا ہوگا،پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر نے حمایت مانگی تو مہم چلاؤں گا، نوازشریف نے اقتدار کیلئے سمجھوتہ کیا ہے، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی

ملتان (نیوز ڈیسک) ملتان سے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے حلقہ این اے 149پر الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے اپنی مختصر گفتگو میں کہا کہ سیاستدان عالمی دباؤ برداشت کرسکتے ہیں، نوازشریف نے عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے، مشرف نے ایک فون کال پر 9امریکی گزارشات پوری کردیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اقتدار کیلئے سمجھوتہ کیا ہے، سائفر کیس کوئی کیس نہیں ، شاہ محمود قریشی کو ہم جانتے ہیں وہ ملک کا باغی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 149پر الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں، پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر نے حمایت مانگی تو مہم چلاؤں گا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ الیکشن مہم شروع کریں، عوام اپنی آزادی کیلئے ووٹ دیں گے، لوگوں کو پتہ ہے پی ٹی آئی کے امیدوار کون سے ہیں، عمران خان نے کہا کہ 9 فروری کو انتخابات کے نتائج آئیں گے ان میں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی کیوں کہ یہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں یہ ہاکستانی عوام کے بنیادی حقوق، قانون کی بالادستی کا الیکشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کرنے کا فیصلہ دیا تو عمران خان دوبارہ الیکشن میں حصہ لینے کی اہلیت حاصل کر لیں گے اور غیر قانونی قید سے رہا ہو جائیں گے، ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے تھے اور الیکشن کمیشن نے خود بھی مانا، سپریم کورٹ نے کہا کہ چار پانچ لوگوں کو کاغذات نامزدگی نہیں دیئے گئے، اِس لئے الیکشن ٹھیک نہیں ہوا، پاکستان تحریک انصاف پارٹی نشان اور ریزرو سیٹ حاصل کرنے کے لیے انٹرا پارٹی الیکشن عام انتخابات سے پہلے کروانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ تمام ممبران اسمبلی ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو سکیں۔