راولپنڈی،غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن، 4 سائیٹ دفاتر سر بمہر اور تشہیری پینا فلیکسز ہٹا دیے گئے

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) ڈویژنل انٹیلیجنس کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں ٹاسک فورس کی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف شاندار کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹاسک فورس نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم خیابان افتخار کے خلاف آپریشن کرتے ہوے چکری مین سٹاپ، موضع راجڑ نزد بلیو ورلڈ سٹی، مین چاہان بازار اور سنگرال نزد ملو موڑ (جرار کیمپ) موضع راجڑاور سنگرال تحصیل راولپنڈی میں چار سائیٹ دفاترکو سر بمہرکر دیا ہے اور تشہیری پینا فلیکسز ہٹا دیے گئے ہیں۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے فراڈ اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیے تمام غیر قانونی سوسائٹیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے ناجائز قبضوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اسلحہ کے زور پر زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان قانونی دستاویزات مکمل کر چکے ہیں انہیں زمین کا قبضہ دے دیا گیا ہے۔ آر ڈی اے عوام الناس کی معلومات کے لیے وقتاً فوقتاً پریس ریلیز جاری کرتا رہتا ہے۔

شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں اور آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر جاننے کی درخواست کی ہے اور مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے خرید و فروخت کریں۔ حکام کے مطابق اس سے قبل مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان اور اسپانسرز کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈویلپمنٹ روکنے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔
ان جائیدادوں کے مالکان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بکنگ آفس چلا رہے تھے۔ آپریشن ٹیم جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مہوش نسیم، تھانہ چونترا راولپنڈی اور تھانہ واہ چکری کی پولیس ٹیم، آر ڈی اے سکیم و بلڈنگ انسپکٹرز، ضلع کونسل کے انسپکٹر، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے اور دیگر ٹیم ممبران نے مشترکہ طور پر گرینڈ آپریشن کیا۔