تحریک انصاف نے پلان سی پر کام شروع کردیا

ووٹرز پارٹی امیدوار اور انتخابی نشان کی معلومات آسانی سے حاصل کر سکیں گے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے پلان سی پر کام شروع کردیا جس کے تحت پارٹی کے ووٹرز اپنے حلقہ میں پی ٹی آئی امیدوار اور اس کے انتخابی نشان کی معلومات آسانی سے حاصل کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بلے کے نشان سے محروم ہونے کے بعد پی ٹی ائی نے نئی سوشل میڈیا حکمت عملی بنالی، جس کے باعث پارٹی کے حامی ووٹرز اپنے امیدواروں کے انتخابی نشانات کے بارے میں معلومات ایک سرچ سے حاصل کر سکیں گے، جس کے لیے پی ٹی ائی نے ایک سرچ ایبل ڈیٹا بیس کی تیاری شروع کردی ہے، جس میں پارٹی کے تمام امیدواروں کے نام، حلقے اور انتخابی نشانات کی معلومات شامل کی جائیں گی۔
پارٹی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بتایا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے ایک ویب پورٹل تیار کر لیا ہے جہاں پر صارفین حلقہ نمبر کے ذریعے پارٹی امیدوار اور اس کے انتخابی نشان کی معلومات حاصل کر سکیں گے، امیدواروں کا ڈیٹا موصول ہوتے ہی اس پورٹل کو فعال کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف سے “بلا” چھن گیا، سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، سپریم کورٹ آف پاکستان نے تحریک انصاف کو بلے کا انتخابی نشان واپس کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ بحال کر دیا، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلے کو بحال کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، ایک وقت میں 2 ہائیکورٹس میں ایک کیس نہیں چل سکتا۔