پی پی 163 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو تیر کی بجائے چینک کا نشان دے دیا گیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوگیا، پی پی 163 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو تیر کی بجائے چینک کا نشان دے دیا گیا، انچارج سنٹرل الیکشن سیل پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے پی پی 163 پنجاب سے پی پی پی پی کے امیدوار محمد فیاض بھٹی کے نشان کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، اس حوالے سے خط میں سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ محمد فیض بھٹی نے 12 جنوری 2024 کو پی پی پی پی کا ٹکٹ متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کو جمع کروایا لیکن انہیں ایک آزاد امیدوار کے طور پر درج کیا گیا اور پی پی پی پی کے مطلوبہ نشان “تیر” کی بجائے “کیٹل” کا نشان الاٹ کیا، یہ غیر متوقع تبدیلی انتخابی عمل کی نیک نامی کے بارے میں سنگین خدشات کو جنم دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے یہ پی پی پی کے امیدوار کو کمزور کرنے کی دانستہ کوشش ہو سکتی ہے اور آئندہ انتخابات کی شفافیت پر سمجھوتہ کر سکتی ہے، پی پی 163 کے لیے محمد فیاض بھٹی کو “تیر” کے نشان کی درست الاٹمنٹ کو یقینی بنا کر اس بے ضابطگی کو دور کیا جائے، اس بات کی چھان بین کرنی چاہیئے کہ ایسی خرابی کیسے پیش آئی، امید ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اور ضروری اقدامات کرے گا۔