اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 70کروڑ ڈالرکی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس واشنگٹن میں ہوا جس میں پاکستان کو قرض کی اگلی قسط جاری کرنے کا فیصلہ ہوا۔وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں تصدیق کی گئی ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 70کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو اسٹینڈ بائی معاہدے کے تحت 1ارب 90کروڑ ڈالر جاری ہوچکے ہیں۔
وزارت خزانہ نے بتایاکہ آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈ نے پاکستان کو 70کروڑ ڈالر فوری جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔خیال رہے کہ آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے پاکستان کو یہ قسط جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔پاکستان آئی ایم ایف کی جانب سے پیش کردہ تمام پیشگی نکات پر عمل درآمد کرچکا ہے۔