کندھ کوٹ میں الیکشن کمیشن کے 3 جاں بحق ملازمین کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیتلھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق ملازمین کے جسم پر کوئی نشانات نہیں ملے، بظاہر ملازمین کی ہلاکت کمرے میں گیس بھرنے اور دم گھٹنے سے ہوئی۔
ایک ملازم کے ورثاء نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کر دیا، لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں، آج صبح الیکشن کمیشن آفس سے 4 ملازمین کی لاشیں ملی تھیں۔
الیکشن کمیشن ملازمین ای ایم ایس میں پولنگ عملے کی ڈیٹا انٹری کیلئے رات دیر تک آفس میں رہائش پذیر تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملازمین کمرے میں سو رہے تھے، گیس لیکیج کے باعث جاں بحق ہوئے۔
ڈی ایچ او، ڈاکٹر بابو لال کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی تفصیلی رپورٹ ایک دو روز میں آئے گی، جاں بحق ہونے والوں میں مشتاق احمد، غلام فرید، عبدالرؤف اور ماجد حسین شامل ہیں، جن میں سے تین کا تعلق لاڑکانہ اور ایک کا کندھ کوٹ سے تھا۔