چوہدری پرویز الہی کی فیملی الیکشن سے باہر ہو گئی

لاہور ہائیکورٹ اپیلیٹ ٹریبونل نے پرویز الہی،مونس الہی اور قیصرہ الہی کی اپیلیں خارج کردیں

لاہور( نیوز ڈیسک ) سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی کی فیملی الیکشن سے باہر ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ اپیلیٹ ٹریبونل نے پرویز الہی،مونس الہی اور قیصرہ الہی کی اپیلیں خارج کردیںٹریبونل نے ریٹرنگ افسران کا فیصلہ برقرار رکھا ٹریبونل کے جج نے پرویز الہی سمیت دیگر کی اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔پرویز الہیٰ کی 4 صوبائی اور 2 قومی جب کہ مونس الہیٰ کے 4 حلقوں سے اپیلیں خارج کی گئیں۔
اپیلیٹ ٹریبونل نے دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے الیکشن لڑنے کیلئے نااہلی برقرار رکھی۔مونس الہی نے این اے 64,69 اور پی پی 32,34 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے چوہدری پرویز الہی اور ان کے بیٹے مونس الہی سمیت خاندان کے دیگر ارکان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیلوں پر ریٹرنگ افسر کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی،اپیلٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اپیلوں میں بتایا گیا کہ پرویز الہی اور مونس الہی نے این اے69,64 پی پی32 ،34 گجرات میں امیدوار ہیں لیکن دس مرلہ پلاٹ ظاہر نہ کرنے پر ریٹرننگ آفیسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔
اپیلوں میں دعویٰ کیا گیا کہ کاغذات نامزدگی سیاسی بنیادوں پر مسترد کیے گئے،ایف بی آر گوشواروں میں تمام جائیدادیں ظاہر کی ہیں،کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ادھر الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد کو این اے 130 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے ٹریبونل نے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔