فیصلہ سازوں سے کہتا ہوں خدارا شفاف انتخابات کرائیں، لیول پلینگ فیلڈ دیں

ہم کسی ٹکراؤ کے حق میں نہ ہیں اور نہ چاہتے ہیں،ن لیگ چاہتی ہے ہمارا اداروں سے ٹکراؤ ہو اور انہیں سیاسی فائدہ پہنچے،یہ ن لیگ کی غلط فہمی ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج میں فاصلے بڑھائیں گے۔اسد قیصر کی گفتگو

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم کسی ٹکراؤ کے حق میں نہ ہیں اور نہ چاہتے ہیں۔انہوں نے نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے۔ادارے بھی ہمارے ہیں،ہم مضبوط پاکستان چاہتے ہیں۔اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ چاہتی ہے ہمارا اداروں سے ٹکراؤ ہو اور انہیں سیاسی فائدہ پہنچے لیکن ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم کسی ٹکراؤ کے حق میں نہ ہیں اور نہ چاہتے ہیں۔
یہ ن لیگ کی غلط فہمی ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج میں فاصلے بڑھائیں گے۔انشاء اللہ ن لیگ پروپیگنڈے اور مہم میں ناکام ہو گی۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازوں سے کہتا ہوں خدارا شفاف انتخابات کرائیں، لیول پلینگ فیلڈ دیں۔ایسے الیکشن سے ملک میں استحکام نہیں بدترین استحکام آئے گا۔
جو لوگ ہماری اداروں سے مس انڈسٹینڈنگ چاہتے ہیں ان کو ہم لفٹ نہیں کراتے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خوف سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ سینئر قیادت کو الیکشن سے باہر رکھا جائے کیونکہ وہ پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔اسد قیصر نے امید ظاہر کی کہ دھاندلی کے تمام حربوں کے باوجود ہم انشاء اللہ یہ الیکشن جیتیں گے۔عدالتوں سے توقع ہے اور عدالتیں کردار نہ ادا کریں تو ملک کہاں جائے گا۔
اسد قیصر نے اپنے خلاف درج ہونے والے مقدمات سے متعلق کہا کہ پہلی بار جیل گیا، کبھی گملے چوری اور کبھی الٹرا ساؤنڈ کے پرزے کا کیس بنا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن بدترین کردار ادا کر رہا ہے۔پری پول دھاندلی کا آغاز ہو چکا۔الیکشن کمیشن تو نیوٹرل ادارہ ہے اس کا کیا کام ہے کہ ایک پارٹی سے پرسنل ہو جائے۔علاوہ ازیں اسد قیصر نے اپنی کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ مجھ سمیت پاکستان تحریک انصاف کی لیڈر شپ کی کاغذات نامزدگی بغیر کسی وجہ کے مسترد کئے گئے ہیں،یہ صرف اور صرف نوازشریف کو وزیراعظم بنانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے ہیں۔