الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر انتخابی شیڈول میں تبدیلی کردی

امیدواروں کی اسکروٹنی 30دسمبر کے بجائے 13جنوری تک ہوگی،امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات 16جنوری تک دائر کئے جاسکیں گے،الیکشن کمیشن

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر انتخابی شیڈول میں تبدیلی کردی ۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی اسکروٹنی 30دسمبر کے بجائے 13جنوری تک ہوگی، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات 16جنوری تک دائر کئے جاسکیں گے، ٹربیونلز20جنوی تک اعتراضات پر فیصلہ کرسکیں گے، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 22جنوری تک واپس لے سکیں گے۔
امیدواروں کی ختمی فہرست 23جنوری کوجاری ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے قومی میڈیا کے لیے 17 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ۔ قومی میڈیا میں پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا انفلونسرز شامل ہیں۔ الیکشن مہم کے دوران قومی میڈیا پاکستان کے نظریات، خودمختاری اور سیکورٹی کے خلاف تعصب پر مبنی رائے کی عکاسی نہیں کرے گا۔
ایسے بیانات یا الزامات جن سے قومی اتحاد، امن و امان کی صورت حال کو خطرہ ہو کو نشر نہیں کیا جائے گا۔

کوئی ایسا مواد شامل نہیں ہو گا جو کسی امیداوار، سیاسی جماعت پر صنف، مذہب، برادری کی بنیاد پر ذاتی حملہ ہو، خلاف ورزی پر قانونی کاروائی ہو گی۔ ایک امیدوار کے دوسرے امیدوار پر الزام پر دونوں اطراف سے بیان اور تصدیق کی جائے گی۔ پیمرا، پی ٹی اے، پی آئی ڈی،وزارت اطلاعات کا سائبر ڈیجیٹل ونگ سیاسی جماعتوں اور امیداروں کو دی گئی کوریج مانیٹر کرے گا، امیداور اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ادائیگی کی تفصیلات پولنگ ڈے کے 10 دن کے اندر دے گا۔
پیمرا، پی ٹی اے، پی آئی ڈی،وزارت اطلاعات کا سائیبر ڈیجیٹل ونگ ضابطہ اخلاق پر عملدرامد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے گا۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے میڈیا نمائندوں اور ہاوسز کو تحفظ فراہم کریں گے۔ قومی خزانہ سے کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کی مہم نہیں چلائی جائے گی۔ ووٹرز کی اگہی کے پروگرام چلائے جائیں گے ۔ الیکشن کے دن سے 48 گھنٹے قبل الیکشن میڈیا مہم ختم کر دی جائے گی۔