راولپنڈی،پٹواری اور منشی پنجاب ہائی کورٹ کے احکامات ہوا میں اُڑانے میں مشغول

منشی غیر قانونی انتقالات درج کرنے میں مصروف ،انتظامیہ بے بس،پٹواری دفتر سے مسلسل غیر حاضراور منشی مال بنانے میں مصروف

کمشنر راولپنڈی غیر قانونی انتقالات منسوخ کر کے منشیوں کو انجام تک پہنچائیںاور منشی رکھنے والے پٹواریوں کی نوکری ضبط کرنے کا حکم صادر فرمائیں،عوام کی اپیل

منشی ایف آر سی کے بغیر انتقال درج کر کے مالکان کے حقوق غصب کرنے میں مصروف ہیں،کمشنر معاملہ کا از خود نوٹس لیںاورہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں،عوا می ا پیل

راولپنڈی ( حالات شکایت سیل) پنجاب ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود کہ کوئی پٹواری منشی نہیں رکھ سکتا اس حکم کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا جا رہا ہے ذرائع کے مطابق پٹواری سرکاری دفتر میں بیٹھنے کی بجائے بھاری قیمت پر دفتروں کا کرایہ دے رہے ہیں جبکہ پنجاب ہائی کورٹ کا واضع حکم ہے کہ پٹواری سرکاری دفتروں کو استعمال کریں لیکن پٹواریوں نے ہائی کورٹ کا حکم ماننے سے عملاً انکار کیا ہوا ہے اور انتظامیہ اس سلسلے میں بے بس نظر آتی ہے ۔ذرائع کے مطابق پٹواریوں کے دستخط کے بغیر ہی منشی ایف آر سی کو نظر انداز کر کے انتقالات درج کر رہے ہیں ، روز نامہ حالات کے شکائت سیل نے کئی پٹواریوں سے ان کا موقف لینے کی کوشش کی لیکن پٹواری اپنا موقف دینے کے بجائے فون یا تو بند کر دیتے ہیں یا اٹھانا گوارا نہیں کرتے۔ عوام الناس نے کمشنر راولپنڈی سے پر زور اپیل کی ہے کہ ہائی کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے اور جن پٹواریوں نے منشی رکھے ہوئے ہیں ان کی نوکری کو ضبط کیا جائے اور منشیوں کو کڑی سے کڑی سزا دے کر انہیں نشان عبرت بنایا جائے اور غریب عوام کو ان سے چھٹکارا دلوا کر ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور جو انتقالات بغیر ایف آر سی کے درج کئے گئے ہیں انہیں فوری منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے اور منشیو ں اور پٹواریوں کے اثاثوں کی چھان بین کروانے کے لئے ان کے کیس نیب کے حوالے کریں اور عوام سے لوٹی گئی دولت پاکستان کے سرکاری خزانہ میں جمع کی جائے۔

کمشنرراولپنڈی عوامی فلاحی اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہوئے جس طرح دن رات محنت کر رہے ہیں وہ زبان زدو عام ہے لیکن شاید کام کی زیادتی کی وجہ سے اس جانب توجہ نہیں دے پائے لہذا کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے اس جانب اقدامات کی عوام منتظر ہے اور قوی یقین ہے کہ وہ اس جانب ضرور عملی اقدامات کرتے ہوئے عوام کو اس کرپٹ مافیا سے نجات دلوانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے اس مافیا کو بھی نکیل ڈالیں گے.