حتمی فیصلہ ہمارے حق میں ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ ہمارے حق میں ہوگا۔

جیو نیوز سے بات چیت میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ 175 پولیٹیکل پارٹیوں میں سے صرف پی ٹی آئی کا سرٹیفکیٹ پبلش نہیں کیا جا رہا تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عدلیہ فری اور فیئر الیکشن کو یقینی بنائے۔

خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے اور پارٹی نشان واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر کیس کا فیصلہ ہونے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا۔

عدالت عالیہ نے دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکمِ امتناع جاری کر دیا۔

پشاور ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ کیس کا فیصلہ ہونے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل ہوگا، چھٹیوں کے ختم ہونے کے بعد پہلے ڈبل بینچ میں کیس سنا جائے۔