سپریم کورٹ نے درخواست پر سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا، قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ آج درخواست پر سماعت کریں گے
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ نے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔سپریم کورٹ نے درخواست پر سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔سپریم کورٹ آج تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کرے گی۔ قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ بینچ میں شامل ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گوہر خان نے صاف شفاف انتخابات اور لیول پلیئنگ فیلڈ کی فراہمی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔عام انتخابات شفاف اور لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کیلئے پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت درخواست دائر کی ۔ درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور صوبائی حکومتوں کو فریق بنایا گیا ۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ اور شفاف انتخابات کیلئے فریقین کو ہدایات جاری کرے۔درخواست میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں کو ہراساں کرنے سے بھی روکا جائے۔اس میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی کو انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق دیا جائے۔
علاوہ ازیں امیدواروں کو ہراساں کرنے کیخلاف اور لیول پلینگ فیلڈ مہیا نہ ہونے پر تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کرلیا،ترجمان پی ٹی آئی شعیب شاہین نے درخواست دائر کر دی، شواہد بھی جمع کرادیئے ۔درخواست میں مختلف اضلاع کی انتظامیہ کی حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیاکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول نہیں کیے جا رہے ، الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرے، ار اوز اور ڈی اراوز کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی امید واروں کے کاغذات نامزدگی نہیں لیے جا رہے۔
بعض اضلاع میں ڈی ار اوز کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کاغذات نامزدگی نہیں دیے جا رہے ، درخواست میں بتایا گیا کہ کچھ اضلاع میں ڈی ار اوز اور ار اوز کے دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔