کسی کیخلاف پریس کانفرنس نہیں کی‘ خوشی ہے پی ٹی آئی میرے ساتھ کھڑی ہے، شیخ رشید

عدالتی پیشی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کرادی

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ’میں نے کسی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی، خوشی ہے پی ٹی آئی میرے ساتھ کھڑی ہے‘۔ تفصیلات کے مطابق عدالتی پیشی پر سابق وزیر داخلہ کی تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات ہوئی، اس دوران میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’میں حلقہ 56 اور 57 دونوں سے الیکشن لڑوں گا، عوامی مسلم لیگ کی جانب سے انتخابات میں حصہ لوں گا لیکن پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کر لی ہے، میں نے کسی کیخلاف پریس کانفرنس نہیں کی، مجھے خوشی ہے کہ پی ٹی آئی میرے ساتھ 56 اور 57 میں کھڑی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اللہ نہ کرے میرے سامنے پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار ہو، پی ٹی آئی میرے مقابلے میں امیدوار نہیں لائے گی کیوں کہ میں نے تحریک انصاف کیلئے قربانیاں دی اور چلہ کاٹا ہے، نسلی اور اصلی ہوں کبھی غداری نہیں کروں گا اس لیے کبھی کسی کے خلاف بیان نہیں دیا، تاہم اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں قلم دوات پر لڑتا ہوں اور اب بھی لڑوں گا، فتح اور شکست اللہ کی طرف سے ہے‘۔