2018 کے انتخابات میں انجینئرنگ کی گئی اورسلیکٹڈ کووزیراعظم بنایا گیا : نوازشریف

لاہور : (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں انجینئرنگ کی گئی اور چار ووٹوں کی برتری سے سلیکٹڈ کو وزیراعظم بنایا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے لاہور میں پارلیمانی بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اللہ کا خوف نہیں ، ریاست مدینہ کہتے تھے اور کرتے کیا تھے، بانی پی ٹی آئی کے آتے ہی ڈالر کو پر لگ گئے، قوم کو تبدیلی آنے کا جھوٹا خواب دکھایا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 2017میں اچھا ملک چل رہاتھا، 1985 سے 1900 تک پنجاب کا وزیراعلیٰ رہا، پھراللہ تعالیٰ نے مجھے وزیراعظم بنایا تھا جس کے فوری بعد کام شروع کیا اور پالیسیاں بنائیں ، ان پالیسیوں کےاچھےنتائج نکلے اور گروتھ دن بدن بڑھتی گئی۔

انہوں نے کہاکہ پہلے موٹروے کی بنیاد بھی اسی زمانے میں رکھی گئی تھی، موٹر وے اسلام آباد سے لاہوراور پشاور سے اسلام آباد تک بنائی، اس زمانے میں بڑی تیزی سے کام ہو رہا تھا اگر وہی دور جاری رہتا تو آج ملک اپنی منزل پر پہنچ چکا ہوتا، وہ ممالک جو ہم سے کہیں پیچھے تھےآج آگے چلے گئے، 2013 میں جب ہم آئے تو لوڈشیڈنگ کا کیا حال تھا، سب سے زیادہ احتجاج فیصل آباد میں ہوتا رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج پر شہباز شریف نے کہا کہ بول دیں 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے، میں نے کہا جو سچ ہے وہی کہوں گا، ہم نے کہا اپنے دورمیں لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے، ہم 2017 میں پالیسی ریٹ کو 515 فیصد پر لیکر آگئے تھے۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ ہمارے زمانے میں سبزیاں، دالیں، آٹا سستا تھا، 2018 میں وہ جماعت جیت نہیں رہی تھی ہمارے بندے شامل کرائے گئے مگر اس کے باوجود بھی نہیں جیت رہے تھے جس کے بعد آر ٹی ایس بٹھا کر انہیں جتوایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھارت نے یا امریکا نے ہمارے خلاف نہیں کیا، ہم نے خود پاؤں پر کلہاڑا مارا، اللہ نے ہمیں موقع دیا تو انشاءاللہ ملک کو اس گرداب سے نکالیں گے۔