الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے احد چیمہ کو مشیر کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ سنا دیا۔
ای سی پی نے ہدایت دی ہے کہ کابینہ ڈویزن احد چیمہ کو مشیر کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکشن جاری کرے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت 21 دسمبر کو ہوگی۔
ای سی پی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کی درخواست درست ہے، احد چیمہ سابق حکومت کا حصہ رہے ہیں۔ احد چیمہ ابھی بھی الیکشن پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ درخواست ایڈووکیٹ عزیزالدین کاکاخیل کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔
اس درخواست میں فواد حسن فواد اور احد چیمہ پر جانبداری کا الزام لگایا گیا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ احد چیمہ اور فواد حسن فواد ماضی کی حکومت کا حصہ رہے ہیں، ان دونوں کی نگراں حکومت میں موجودگی کے باعث انتخابات کی شفافیت ممکن نہیں۔
درخواست میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی تھی کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کےلیے ان دونوں شخصیات کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔