25 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں عمران خان اور اسد عمر بری

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سول جج نوید خان نے سماعت کے بعد فیصلہ سنادیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 25 مئی لانگ مارچ جلاؤ گھیراؤ کیسز میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور اسد عمر کو بری کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں 25 مئی لانگ مارچ جلاؤ گھیراؤ کیسز کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت سول جج نوید خان نے کی، عمران خان کے وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے، جہاں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر پر 25 مئی والے واقعات پر درج مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی اور عدالت نے سابق وزیراعظم اور اسد عمر کو کیس سے بری کر دیا، عدالت نے دیگر ملزمان کیخلاف کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔
بتایا جارہا ہے کہ عمران خان اور اسد عمر کے خلاف تھانہ کورال میں مقدمہ درج ہوا تھا جس کے بعد عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سربراہ پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف لانگ مارچ توڑپھوڑ پر درج 2 مقدمات میں بریت کی درخواست 9 ستمبر کو دائر کی گئی۔ دوسری طرف نادرا نے 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کر دئیے، پاکستان تحریک انصاف کے 18 اشتہاری قرار دیئے جانے والے رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے نادرا کو لسٹ مہیا کی گئی تھی، لسٹ وزارت داخلہ کی جانب سے نادرا کو بھجوائی گئی، لسٹ میں شامل افراد ملک بھر کے مختلف تھانوں کو مطلوب ہیں، 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کا فیصلہ رواں ماہ کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کرانے کے لئے لاہور پولیس نے چیئرمین نادرا کوخط لکھا، ملزموں کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر خط لکھا گیا اور ملزموں کواشتہاری قرار دینے کی کاپی بھی خط کے ساتھ لف کی گئی، اشتہاری قرار دیئے جانے والے کسی پراپرٹی کی خریدو فروخت نہیں کر سکیں گے، اشتہاری کہیں ہوائی سفر بھی نہیں کرسکیں گے۔