اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سندھ اور بلوچستان کے صارفین کیلئے گیس 226.18 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ سوئی ناردرن کے بعد سوئی سدرن نے بھی گیس مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی، سوئی سددرن نے گیس کی قیمت میں 226.18 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مزید اضافہ مانگ لیا۔
سوئی سدرن کی گیس کی موجودہ اوسط قیمت 1470 روپے 21 پیسے ہے جبکہ کمپنی کی نئی اوسط قیمت 1696 روپے 39 پیسے مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سوئی سدرن کی جانب رواں مالی سال 47 ارب 77 کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ بلوچستان میں ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ 95 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔
ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن لاگت کی مد میں 150 روپے 67 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کی درخواست کی گئی ہے جبکہ روپے کی قدر میں کمی کے فرق کی مد میں 40 روپے 96 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مانگا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اوگرا سوئی سدرن کی درخواست پر آج سماعت کرے گا۔