تاثر غلط ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کا التوا چاہتی ہے، حامد خان

تاثر غلط ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کا التوا چاہتی ہے، حامد خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینئر وکیل حامد خان نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کا التوا چاہتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران حامد خان نے کہا کہ انتخابات 8 فروری کو ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی کا شروع دن سے موقف ہے کہ 90 دن میں الیکشن کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم میں جو وضاحت مانگی ہے، ہم وضاحت دیں گے اور اس میں اپنے خدشات بتائیں گے۔

سینئر وکیل نے مزید کہا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کا التوا چاہتی ہے، سپریم کورٹ کو بتائیں گے کہ ہم جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے حق میں نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی امیدواروں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سلوک کیا جائے، الیکشن کمیشن کا رویہ جانبدارانہ ہے، ہمارے خدشات دور کیے جائیں۔

حامد خان نے یہ بھی کہا کہ بلے کے نشان سے متعلق ہمارے سنجیدہ خدشات ہیں، قانونی جنگ لڑیں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ انتخابی نشان سے محروم کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے جس انتخابی نشان پر دو الیکشن لڑے ہیں اس سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔