بہاولپور ، نوجوان کی موت بنگالی شیروں کے حملے سے ہوئی

شیروں کے حملے سے نوجوان کےزخمی ہونے اور دم توڑنے میں 10 سے 15 منٹ کا وقت لگا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ

بہاولپور(نیوز ڈیسک) پنجاب کے ضلع بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں چیتے نے ایک شہری کی جان لے لی تھی۔بتایا گیا کہ بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چیتے کے حملے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ جنگلے میں موجود چار ٹائیگرز نے شہری کی لاش کو چیر پھاڑ دیا۔بہاولپور میں شیروں کے پنجرے میں نوجوان کی ہلاکت سے متعلق پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان کی موت بنگالی شیروں کے حملے سے ہوئی تھی۔ شیروں کے حملے سے نوجوان کے زخمی ہونے اور دم توڑنے میں 10 سے 15 منٹ کا وقت لگا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوجوان کے جسم پر حملے سے 10 بڑے زخموں کے نشانات پائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ہلاکت سے قبل شہری کی جانب سے مزاحمت کے آثار ملے،جسم کے مختلف حصوں پر زخم ہیں لیکن کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی۔

شہری کی موت اطلاع سے 12 گھنٹے قبل رات کے وقت ہوئی۔ٹائیگرز نے شہری کی ایک ٹانگ کو مکمل طور پر نوچ لیا تھا۔ گردن سے بھی گوشت کو نوچا ہوا تھا۔شہری کے دونوں ہاتھوں میں ٹائیگرز کے بال تھے۔ ٹائیگر کے حملے سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سوئپر ساڑھے دس بجے صفائی کے لیے شیر ہاؤس گیا تو واقعے کا پتہ چلا۔ ڈی سی، اے سی، پولیس اور رسیکیو ادارے بھی پہنچے۔
جاں بحق شخص سے کسی قسم کی دستاویزات نہیں ملیں۔۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے جاں بحق شخص نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔ چڑیا گھر واقعے پر کمشنر نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر ، ہیڈ آف فرانزک ، سائنس کنزرویٹو جنگلات کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔انچارج فرانزک، ریسکیو انچارج کرائم سین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔